انتخابی نتائج مستردکرتے ہیں اب عوامی اسمبلیاں لگیں گی،مولانا فضل الرحمان

545
public assemblies

پشین: سربراہ جے یوآئی (ف)مولانا فضل الرحمان  نے پشین میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انتخابات2024کے نتائج کو مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ اب مک بھر میں براہ راست عوامی اسمبلیاں لگیں گی۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اسمبلی ہو یا پارلیمنٹ ہو ، اسمبلیوں میں یہ عوام کے نمائندے نہیں ہیں، یہ اسٹیبلشمنٹ کے نمائندے ہیں،مجرم کو مجرم کہنا پڑے گا مجرم کو بے نقاب کرنا پڑے گا اور ان شااللہ العزیز ہم  جو بات کر رہے ہیں وہ ڈنکے کی چوٹ پر کر رہے ہیں، ہم نے یہ بات مصلحتوں کا شکار ہو کر نہیں کی ہے اب عوام براہ راست اسمبلیاں  منعقدکریں گے۔ جلسہ میں قرارداد کی منظوری کے ذریعے سے8فروری2024کے انتخابات کے  نتائج  کو مستردکردیا گیا  اور سربراہ جے یو آئی نے اس کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ2024 میں 2018 سے بڑی دھاندلی ہوئی ہے، ہم جعلی حکومت کو  چلنے نہیں دیں گے۔ ہم نے 2018 کی دھاندلی کے خلاف تحریک چلائی، 2024 میں 2018 سے بڑی دھاندلی ہوئی ہے، پہلے کہا یہ اسمبلیاں بنائی گئی ہیں، یہ اسمبلیاں بیچی اور خریدی گئی ہیں، بتاؤ بلوچستان کی اسمبلی کتنے میں خریدی؟ دھاندلی کے خلاف پہلے بھی آگے تھے اور  اب بھی آگے رہیں گے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ  بلوچستان کی سرزمین سے تحریک اٹھی ہے، پورے ملک میں جائیگی، ہم اس تحریک سے جعلی حکومت کو چلنے نہیں دیں گے، تحریک کو اب کوئی نہیں روک سکتا، اگر  آئین اور  اسمبلیوں کو  روندو گے تو ہم پہاڑ کی طرح کھڑے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت آپس میں لڑنے کا نہیں ہے، سیاست دانوں کو ہمیشہ استعمال کیا گیا،کل سیٹ نہیں تھی تو دھاندلی ہے، آج سیٹ مل گئی تو دھاندلی نہیں ۔سیاست دان سیٹوں پر نہ  بکیں، بلوچستان کے عوام 8 فروری کے نتائج کو تسلیم نہیں کرتے ہیں۔