لاہور: سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں سینئر پولیس افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضمنی انتخابات اور پاکستان نیوزی لینڈ کرکٹ میچز کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور پولیس نے ضمنی انتخابات کے پُرامن انعقاد کیلئے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دے دیاہے۔12800سے زائد افسران واہلکاران 921 پولنگ سٹیشنز،363پولنگ بلڈنگزاور2940پولنگ بوتھ کی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔
اعدادوشمار کے مطابق لاہور میں قومی اسمبلی کی 1اور صوبائی اسمبلی کی4نشستوں پر مجموعی طور پر1,579,473ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ان میں 847,301مرد اور732,172خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ اجلاس میں پولنگ اسٹیشنز،پولنگ کیمپس، ریٹرنگ آفیسرز اورپریزائیڈنگ آفیسرزکے دفاتر کے سکیورٹی پلان سے متعلق امور پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سی سی پی او نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس ضمنی انتخابات کے پر امن انعقاد کیلئے پوری طرح مستعد ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل اور پولنگ ڈے پر اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پربلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سی سی پی او نے متعلقہ افسران کوضمنی انتخابات سے متعلق فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضمنی انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن، ضلعی انتظامیہ اوردیگر حکومتی اداروں کو بھر پور معاونت فراہم کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے انتخابی ضا بطہ اخلاق پرمن و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ بلال صدیق کمیانہ نے متعلقہ افسران کوالیکشن کمیشن، ضلعی انتظامیہ اورسکیورٹی اداروں سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں پاکستان نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی میچز کے پُرامن انعقاد کیلئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔
بلال صدیق کمیانہ نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کرکٹ میچوں کے دوران ملکی و غیر ملکی کرکٹرز اور شائقین کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پرامن اور محفوظ ماحول میں میچوں کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن)ذیشا ن اصغر،ڈی آئی جی(آپریشنز)سید علی ناصر رضوی،چیف ٹریفک آفیسر لاہورعمارہ اطہر، ایس ایس پی(ایڈمن) عاطف نذیر، ایس ایس پی(آپریشنز) سید علی رضا، ایس ایس (پی انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری، ایس پی(سکیورٹی)عبدالوہاب، ایس پی(ہیڈ کوارٹرز) عبداللہ لک اور ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی