لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے نو منتخب امیر حافظ نعیم الرحمن کراچی سے منصورہ پہنچ چکے ہیں اور وہ 18 اپریل بروزجمعرات کو منصب امارت کا حلف اٹھائیں گے۔
جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ میں حلف برداری کی تقریب کا آغاز بعد از نماز مغرب ہو گا اور اس میں سراج الحق، نائب امیر لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید پراچہ، راشد نسیم، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، سید وقاص جعفری، محمد اصغر، ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف، مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس، علمائے کرام، مشائخ، عزام، سینئر صحافی، اینکر پرسنز، وکلا، سیاسی و سماجی شخصیات، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی دیگر شخصیات شریک ہوں گی۔
منصورہ سے جاری بیان میں قیصر شریف نے کہا کہ نومنتخب امیر انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے حلف برداری کی تقریب کے فوراً بعد مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کیا ہے۔ اسی طرح انہوں نے جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس بھی طلب کیا ہے جو کہ منصورہ میں ہی تین روز تک (19تا21 اپریل) جاری رہے گا۔
حافظ نعیم الرحمن مجلس عاملہ اور مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کی صدارت اور اتوار 21اپریل کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔