تہران : ایران نے پکڑے گئے اسرائیلی جہاز پر پھنسے پاکستانیوں کو ‘آزاد’ کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے ۔
ایران کے پاسداران انقلاب نے ہفتے کے روز خلیج میں صیہونی حکومت (اسرائیل) سے متعلق ایک کنٹینر جہاز کو قبضے میں لے لیا جس میں عملہ دو پاکستانی بھی شامل تھے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ “ایم سی ایس ایریز” نامی کنٹینر جہاز کو سپاہ (گارڈز) نیوی اسپیشل فورسز نے آبنائے ہرمز کے قریب ہیلی بورن آپریشن کرتے ہوئے قبضے میں لے لیا ” ۔
ایران نے دفتر خارجہ کی کوششوں سے پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو رہا کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ تہران نے اسلام آباد کو پیغام پہنچایا ہے کہ پاکستانی ایم ایس سی ایریز کنٹینر چھوڑنے کے لیے آزاد ہیں۔
قبضے میں لیے گئے اسرائیلی جہاز پر دو پاکستانیوں کے سوار ہونے کی خبر کے بعد دفتر خارجہ نے پاکستان میں ایرانی سفارت خانے سے رابطہ کیا۔
پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری موغادم نے میڈیا کو بتایا کہ وہ جہاز پر پاکستانی شہریوں کی موجودگی کی تصدیق کا انتظار کر رہے ہیں۔
انہوں نے تصدیق کی کہ ایرانی سفارت خانے نے تہران میں اعلیٰ حکام کے ساتھ تفصیلات شیئر کیں۔
سفارت کار نے کہا کہ اگر جہاز پر کوئی پاکستانی ہے تو ہم برادرانہ تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد شہری کو رہا کر دیں گے۔