عالمی مشاعرہ اردو ادب و دنیا کی ایک معتبر اور تابندہ روایت بن چکا ہے۔ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی

731

کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری) ساکنان شہر قائد کا 29 واں عالمی مشاعرہ 20 اپریل ہفتے کی شب 8 بجے ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہوگا،جس میں ملکی و بین الاقوامی شعراءاپنا کلام پیش کریں گے۔

مشاعرے میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شرکت کریں گے،مشاعرے میں کتابوں اور کھانوں کے اسٹالز لگائے جائیں گے،جبکہ کوئی داخلہ فیس نہیں لی جائے گی،فری پارکنگ کی سہولت بھی موجود ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار پیر کے روز کراچی پریس کلب میں عالمی مشاعرہ کے منتظمین نے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عالمی مشاعرہ کے حوالے سے پریس کانفرنس میں محمود احمد خان ، ڈاکٹر پیر زادہ قاسم رضا صدیقی، سنیٹر عبدالحسیب خان،کراچی پریس کلب کے سیکرٹری شعیب احمد،جمال اظہر ،ندیم ظفر صدیقی،توقیر احمد خان ،تراب شاہ،حسن امام صدیقی،ڈاکٹر شبیر حسین،تنویر احمد ودیگر موجود تھے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منتظم اعلیٰ ساکنان شہر قائد محمود احمد خان نے کہا کہ شعرو شاعری کے عالمی اور ملکی روشن ستارے کراچی میں ۲۰ اپریل ۲۰۲۴ کو ایکسپو سینٹر گلشن اقبال کراچی میں جگمگائیں گے۔انہوں نے کہاکہ مشاعرے میں برطانیہ سے عقیل دانش ،امریکہ سے باسط علی،فرح اقبال،خالد عرفان،عاطف توقیر ،جرمنی سے احمد عادل،بحرین سے ریحانہ قمر،محبوب خان،کنیڈا سے فاطمہ زہرا، سمرین ندیم سمر،قطر سے ،تابش زیدی متحدہ عرب امارات سے مشاعرے میں شرکت کریں گے۔

جبکہ اندرون ملک سے سنیٹر عرفان صدیقی،عطاالحق قاسمی،خورشید رضوی،عباس تابش ،فواد حسین فواد،سید سردار علی شاہ،شکیل جازب ،وسیع شاہ،احمد سولنگی،منیر مومن،اظہر فراغ،توقیر اے خان اور وحید نور،کی آمد متوقع ہے۔

کراچی میں پروفیسر سحر انصاری،ڈاکٹر پیر زادہ قاسم رضا صدیقی،انور شعور ،محمود شام،ریحانہ ر وہی،جاوید صباح ،خالد معین،سیماءغزل ،ناصرہ زبیری،شائستہ مفتی،صبعین سیف،محمد علی گوہر ،ڈاکٹر مانا عظمی ،فرخ اظہار اور ولید احمد اپنا کلام پیش کریں گے۔

نظامت کے فرائض عنبرین حسیب عنبر،وجیہ ثانی اور آغا شیرازی انجام دیں گے،کمشنر کراچی ،مئیر کراچی ،ہوم ڈیپارٹمنٹ ودیگر متعلقہ ادارے بھرپور تعاون کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشاعرے کی خاص بات یہ ہےکہ اس میں چاروں صوبوں کے شعراءکرام کی نمائندگی ہوگی،انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال مشاعرے میں 20 ہزار سے زاید لوگوں نے شرکت کی تھی اور اس مرتبہ زیادہ لو گوں کی شرکت متوقع ہے۔

انہوں نے ایک سوال کہ جواب میں کہا کہ40 سے زاید شعراء متوقع ہے، مشاعرے کو کامیاب بنانے میں میڈیا کا اہم کردار ہے،میں الیکٹرانک،پرنٹ و سوشل میڈیا،کے تعاون کو سہراتا ہوں اور توقع کرتا ہوں کہ میڈیا کے لوگ بھی اس مشاعرے میں بھرپور شرکت کریں گے۔

ساکنان شہر قائد ،عالمی مشاعرے کے بانی ڈاکٹر پیر زادہ قاسم رضا صدیقی نے کہا کہ یہ مشاعرہ پاکستان کا سب سے بڑا مشاعرہ ہوتا ہے اور عالمی سطح پر بھی اس کو پذیرائی ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشاعرے سے قبل ہم ایک کراچی کی سطح پر مشاعرے کا انعقاد کرتے ہیں،جس میں 40 کے قریب نوجوانوں کو شرکت کا موقع ملتا ہے۔

عبدالحسیب خان نے کہا کہ شہر میں سماجی اور ادبی سرگرمیاں ناپید ہوچکی ہیں،اس لئے یہ مشاعرہ بہت اہمیت کا حامل ہے۔

کراچی پریس کلب کے سیکرٹری شعیب احمد نے کہا کہ ساکنان شہر قائد کے29 ویں عالمی مشاعرے میں صحافیوں کی بھی نمائندگی ہوتی ہے جو ہمارے لیے خوشی کی بات ہے۔

انہوں نے کہاکہ علمی وادبی سرگرمیوں اور اس طرح کہ منعقد ہونے والے مشاعرے کے حوالے سے کراچی پریس کلب نے ہمیشہ تعاون کیا اور آئندہ بھی یہ تعاون جاری رہے گا۔