جے یو آئی کو مخصوص نشست دینے کیخلاف ن لیگ کی پشاور ہائیکورٹ میں درخواست

285

پشاور: پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشست جمعیت علمائے اسلام کودیے جانے کے خلاف پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ن لیگ کی دائر کی گئی درخواست میں الیکشن کمیشن ، اسپیکر صوبائی اسمبلی اور جے یو آئی ف کے اقلیتی رکن گورپال سنگھ کو فریق بنایا گیا ہے ۔

پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 26 مارچ کو اقلیتی نشست پر گورپال سنگھ کے نام کا اعلامیہ جاری کیا۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ مسلم لیگ ن کی 7 مخصوص نشستیں بنتی تھیں۔ الیکشن کمیشن نے 7 کے بجائے 6 نشستیں دیں۔ الیکشن کمیشن نے آئین ، الیکشن ایکٹ اور رولز کے خلاف درخواست گزار پارٹی کو ایک نشست کم دی۔

مسلم لیگ ن کی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین اور الیکشن ایکٹ میں مخصوص نشستوں کے لیے فارمولا طے ہے۔ الیکشن کمیشن نے فارمولے کے برعکس درخواست گزار پارٹی کو ایک اقلیتی نشست سے محروم کردیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے ۔ عدالت الیکشن کمیشن کے اعلامیے کو کالعدم قرار دے اور اس درخواست پر حتمی فیصلے تک اسپیکر اسمبلی کو گورپال سنکھ سے حلف لینے سے روکے۔