سیکورٹی فورسز کا بونیر میں آپریشن،انتہائی مطلوب دہشتگرد مارا گیا، 2 جوان شہید

1099
Security forces operation in Kalat

بونیر: سیکورٹی فورسز کے بونیر میں آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد مارا گیا جب کہ 2 جوان بھی شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کی بونیر میںموجودگی کی خفیہ اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کی، جس میں فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گردوں کا سرغنہ انتہائی مطلوب سلیم عرف ربانی مارا گیا اور 2 دیگر دہشت گرد زخمی ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انتہائی مطلوب دہشت گرد سلیم عرف ربانی سیکورٹی فورسز کے خلاف کئی دہشت گردانہ کارروائیوں اوربے گناہ شہریوں سے بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہا۔ حکومت کی جانب سے دہشت گرد سلیم عرف ربانی کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران وطن کے 2 سپوت جام شہادت نوش کر گئے۔ لانس حوالدار مدثر محموداور لانس نائیک حسیب جاویدنے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

لانس حوالدار مدثر محمود شہید کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے جنہوں نے16 سال تک پاکستان آرمی میں رہتے ہوئے ملک کے دفاع کی ذمہ داریاں سر انجام دیں۔

لانس نائیک حسیب جاوید شہید کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ سے ہے جنہوں نے 5 سال تک پاکستان آرمی میں رہتے ہوئے ملکی دفاع کی ذمے داریاں سر انجام دیں۔