ڈیرہ بگٹی : وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گورننس کا نظام شدید بدانتظامی کا شکار ہے، درست کرنے میں وقت لگے گا۔
کھلی کچہری میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل کے حل کے لیے پوری نیک نیتی سے کام کررہے ہیں، گورننس کانظام شدید بدانتظامی کاشکار ہے، درست کرنے میں وقت لگے گا، 100 فیصد درست کرنیکا دعوی نہیں کرتا، درست سمت کا تعین ضرورکریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ شعبہ صحت میں مختص وسائل سے ہرفردکا علاج مہنگے ہسپتالوں سے ہوسکتا ہے، تعلیم کا بجٹ ہر بچے پرخرچ کریں تو ہربچہ مہنگے نجی اسکول میں تعلیم حاصل کرسکتا ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ سوچنا ہوگا کہ مختص وسائل کا استعمال کیسے ہو رہا ہے، عوامی مسائل مختص وسائل کے غلط استعمال کے باعث ہیں، بدعنوانی روک کر عوام کے وسائل عوام پر خرچ کرنا ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ سرکاری امور میں جوابدہی کا عمل کمزور پڑ چکا ہے، جزا و سزا کے بغیر گورننس میں بہتری نہیں آسکتی۔وزیراعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی میں ملوث عناصر کا محاسبہ ضروری ہے، ہمیں مصلحتوں سے نکل کر صوبے اور غریب عوام کے لیے سوچنا ہوگا۔۔