تہران: ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل کو شام میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کی سزا مل کر رہے گی۔
انہوں نے اس امر کا اظہار ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔خامنہ ای نے کہا ‘ قونصل خانے پر حملہ ایران کی سرزمین پر حملہ کرنے کے مترادف ہے۔
شیطانی رجیم نے یہ بہت بڑی غلطی کی ہے اسے اس غلطی کی سزا بھگتنا ہو گی۔ ‘واضح رہے اسرائیلی وزیر خارجہ کاٹز نے بھی ایران کو خبر دار کیا یے کہ اس نے اپنی سرزمین سے اسرائیل پر حملہ کیا تو اسرائیل بھی ایران کے اندر حملہ کر کے جواب دے گا۔
کاٹز کا یہ دھمکی امیز جواب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ ایکس ‘ پر سامنے آیا ہے۔
دوسری طرف ایرانی پاسدران انقلاب نے کہا ہے کہ اسرائیل کو سفارتخانے پر حملے کا جواب دینے میں جلد بازی سے کام نہیں لیں گے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈر نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے کا جواب دینے میں عاجلانہ بوکھلاہٹ سے کام نہیں لیں گے، ایران اسرائیل کو جواب دینے کیلئے نپا تلا اور سوچا سمجھا وار کرے گا، جلد بازی میں کارروائی نہیں کی جائے گی۔
پاسدران انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری نے کہا ہے کہ ہمارے محبوب سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے جیسا کہ کہا ہم اسرائیل کو جواب دیں گے، مگر جذباتی ہو کر اور بوکھلائے ہوئے انداز میں نہیں بلکہ خوب سوچ سمجھ کر نپا تلا جواب دیں گے، ہم ایسے نہیں کہ جواب نہ دیں مگر ٹھیک وقت پر اور اللہ نے چاہا تو بہت ٹھیک جواب دیں گے۔