اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد دی ہے اور ان پر زور دیا ہے کہ وہ ہمدردی اور فراخدلی کا مظاہرہ کریں اور غریبوں اور ناداروں کے ساتھ اپنی خوشیوں میں شریک ہوں۔
ایک پیغام میں صدر مملکت نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ اس بابرکت دن پر سب کے لیے بے پناہ رحمتیں، خوشیاں، امن اور سلامتی لائے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ عیدالفطر کا پرمسرت موقع ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ بحیثیت قوم ہم چیلنجز پر قابو پانے، ضرورت مندوں کی مدد کا ہاتھ بڑھانے اور ہر ایک کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے بھائی چارے اور رواداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سماجی اور معاشی انصاف اور باہمی اتحاد و یکجہتی کو یقینی بنا کر متحد اور مضبوط قوم بننے کی کوشش کرنے پر زور دیا۔
صدر مملکت نے پاکستانی قوم کی جانب سے غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ میں فوری قیام امن اور فلسطینیوں کو امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے ظلم، بربریت اور نسل کشی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ خوشی کے اس موقع پر ہمیں بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
صدر نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے حل کے لیے کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔