امیر جماعت اسلامی کا انتخابی عمل صاف شفاف طریقے سے اپنے اختتام کو پہنچا جس میں اکثریت نے حافظ نعیم الرحمن کو اگلے پانچ سال کے لیے جماعت اسلامی پاکستان کا چھٹا امیر منتخب کر دیا ہے۔ یقینا جماعت اسلامی نے ایک مخلص قابل اور ہر دلعزیز شخصیات کا انتخاب کیا ہے جو جماعت اسلامی کے سیاسی عمل میں موثر کردار ادا کرسکتا ہے۔ دوسری جانب کراچی کے عوام ایک موثر بااثر مخالفین کو للکار نے والی آواز سے محروم ہوگئے۔ حافظ صاحب ایک سنجیدہ مخلص اور کراچی کی سیاست میں بڑے اہم ترین سمجھے جاتے رہے ہیں، حافظ صاحب اپنے مخالفین میں بھی ہر دلعزیز رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے ارکین کا حافظ نعیم الرحمن کو امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب کرنا یقینا پاکستان کی سیاست میں جماعت اسلامی کے لیے بہترین ثابت ہوسکتا ہے جس کے لیے حافظ صاحب پر بھی پہلے سے زیادہ ذمے داری عائد ہوگی کہ وہ اب جماعت اسلامی کو پاکستان کی سیاست میں کس رُخ پر گامزن کرتے ہیں۔
یقینا حافظ صاحب اپنے مخالفین کے لیے بھی ایک نرم گوشہ رکھتے ہیں اب جماعت اسلامی کی وفاق میں سیاست حافظ صاحب کی قیادت میں کیا کردار ادا کرتی ہے یہ چند ماہ میں واضح ہوجائے گا اس وقت پاکستان کی سیاست کو سنگین بحران کا سامنا ہے جس میں جماعت اسلامی اپوزیشن کے ساتھ مل کر ایک اچھا لائحہ عمل طے کر کے عوام کو کرپٹ نااہل سیاستدانوں سے چھٹکارا دلا سکتی ہے جس میں نو منتخب امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن موثر کردار ادا کرسکتے ہیں ساتھ ہی جماعت اسلامی کی نو منتخب قیادت کو وطن عزیز کو درپیش بحران سے نکالنے میں آگے آنا ہوگا۔
سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق ایک مخلص دیانتدار شخصیات رہے ہیں جنہوں نے جماعت اسلامی کو پاکستان کی سیاست میں اُبھارنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے جس میں وہ کچھ حد تک کامیاب رہے۔
نو منتخب امیر حافظ نعیم الرحمن جو ایک قابل شخصیت ہیں امیر جماعت کراچی کی حیثیت سے کراچی کی سیاست میں ان کا اہم ترین کردار رہا جس کی واضح مثال گزشتہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کی واضح کامیابی ہے مگر افسوس پاکستان کے انتخابی عمل میں دھاندلی نے ہمیشہ پاکستان کے عوام کے بنیادی حق ووٹ کو بھی متنازع بنا کر ہمیشہ عوام
کے حق پر ڈاکا مارا ہے۔ گزشتہ سندھ کے بلدیاتی انتخاب میں جماعت اسلامی کی اکثریت کو نقصان پہنچایا گیا اور حافظ نعیم الرحمن کو ایک سازش کے تحت مئیر کراچی کے عہدے سے محروم کیا گیا البتہ یہ ایک حقیقت ہے کہ حافظ صاحب کی موجودگی میں کراچی کی سیاسی جماعتوں میں ان کا ایک سیاسی خوف رہا ہے کیوں حافظ صاحب عوام کی آواز لیے ہر وقت میدان عمل میں نظر آئے جو ان کی شہرت اور کراچی کے عوام کے دلوں میں جگہ کر گیا۔
جماعت اسلامی پاکستان کی واحد جماعت ہے جس میں سربراہی کی دوڑ نظر نہیں آتی ایک شفاف غیر جانبدار قابلیت کی بنیاد پر یہ جماعت اپنا سربراہ طے کرتی ہے جس کی قیادت میں پوری جماعت اس کے ساتھ چلتی ہے قومی و صوبائی اسمبلی سینیٹ میں جماعت اسلامی کی نمائندگی یقینا پاکستان کی سیاست میں اہم ترین کردار ادا کر سکتی ہے۔
البتہ ضرورت اس امر کی ہے کہ کیا نو منتخب امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن اپنی جماعت میں موجود خامیوں کو دور کرنے میں کوئی موثر کردار ادا کر سکتے ہیں؟ کیا حافظ صاحب جماعت اسلامی میں بہترین شفاف کے ذریعے اصلاحات کا عمل شروع کر سکتے ہیں؟ کیا حافظ صاحب جماعت اسلامی کے مڈل کلاس نظریاتی کارکنوں ووٹر ہمدردوں کی شکایت کو دور کر سکیں گے؟ اس وقت نو منتخب امیر کو بہت سے مسائل کا سامنا کرنا اور ان کو حل کی جانب لے جانا ہے۔
ہم سمجھتے ہیں کہ حافظ صاحب کی شخصیت نے جس انداز میں کراچی کے مسائل کو اُجاگر کیا ہے اور ان مسائل کے حل کے لیے حزب اقتدار کو مجبور کیا ہے یقینا حافظ صاحب وفاقی سطح پر بھی پاکستان کے عوام کے مسائل کی بہتر نمائندگی کریں گے اور کرپشن، احتساب، مہنگائی، بے روزگاری سمیت ملکی مسائل کو حل کرنے میں موجودہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔ پاکستان کے معاشی حب کراچی کے مسائل کو اب حافظ صاحب بہتر انداز میں وفاقی سطح پر حل کرنے میں بھی اہم ترین رول ادا کریں گے۔ ساتھ ہی عام انتخابات میں دھاندلی سمیت سیاسی قیدیوں کی رہائی عدلیہ کی آزادی اداروں کا آئین میں رہتے ہوئے کردار سمیت ملک و قوم کو درپیش مسائل پر جماعت اسلامی کی نو منتخب قیادت اپوزیشن کے ساتھ مل کر مثبت لائحہ عمل طے کرے گی جس میں جماعت اسلامی کا کردار واضح انداز میں نظر آنا چاہیے نو منتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے ان کے چاہنے والے ان کی جماعت اور نو جوان نسل بڑی اُمیدیں وابستہ کیے ہوئے ہے جس پر حافظ صاحب جیسی شخصیات یقینا پورا اُترے گی۔