اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے مسجد نبوی میں نوافل ادا کیے اور روضہ رسولؐ پر حاضری بھی دی۔
وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے، جہاں وہ سعودی ولی عہد کو دورۂ پاکستان کی دعوت بھی دیں گے۔
وزیراعظم قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کی پرواز پی کے 859 کے بوئنگ 777 کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ آصف اور دیگر اعلیٰ حکام سمیت 31 افراد پر مبنی وفد کے ہمراہ مدینہ منورہ پہنچے، جہاں انہوں نے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عشا کی نماز اور نوافل کی ادائیگی کی جب کہ روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری کی سعادت بھی حاصل کی۔
وزیراعظم نے امت مسلمہ اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں بھی خصوصی دعا کی۔ شہباز شریف آج رات مدینہ ہی میں قیام کریں گے۔
وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی سرکاری دورہ ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق وزیراعظم 6 تا 8 اپریل سعودی عرب میں وفد کے ہمراہ قیام کریں گے، اس دوران وہ عمرہ بھی ادا کریں گے۔
وزیراعظم کی اس دورے کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں شہباز شریف انہیں دورۂ پاکستان کی دعوت دیں گے۔