لاہور: بھارت کی جانب سے ایک بار پھر پاکستان کی میزبانی میں چیمپئنز ٹرافی 2025ء کو متاثر کرنے کی کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ برس چیمپئنز ٹرافی جو پاکستان کی میزبانی میں ہوگی، اس میں بھارتی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے متنازع بیان دے کر ایونٹ کو متاثر کرنے کی سازش شروع کردی ہے۔
بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے بھارتی ٹیم کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لیے پاکستان آنے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے اپنی روایتی ہٹ دھرمی کا اظہار کیا اور کہا کہ بی سی سی آئی (بھارتی کرکٹ بورڈ) اس ایونٹ میں پاکستان نہ جانے کے فیصلے ہی پر قائم رہے گا۔
ہمیشہ کی طرح سیاست کو کھیل پر اثر انداز کرنے اور پاکستان سے نفرت کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے الزام لگایا کہ میں جب بی سی سی آئی کا سربراہ تھا، اس وقت بھی میرا کہنا یہی تھا کہ دونوں معاملات ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ آپ بھارت میں دہشتگردی پھیلائیں، اور پھر کرکٹ کھیلنے کی بات کریں۔ پہلے گولیاں چلانا بند کیا جائے اس کے بعد اسٹیڈیم آباد ہوں گے۔
بھارتی وزیر کھیل نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو ایونٹ کے لیے پاکستان نہیں جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس پاکستان نے سری لنکا کے ساتھ مل کر ایشیاکپ کی میزبانی کی تھی، جس میں ابتدائی طور پر پاکستان کو ایونٹ کی میزبانی کرنا تھی تاہم بھارتی ٹیم کے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کے باعث متبادل وینیو پر میچز کا انعقاد کروانا پڑا تھا۔