نیویارک: اقوام متحدہ کی جانب سے اقصادی سروے کے مطابق پاکستان کی معاشی ترقی میں تیزی اور مہنگائی میں کمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یو این اکنامک سروے کے مطابق رواں مالی سال 2024-25 میں پاکستان کی معاشی ترقی تیز ہورہی ہے اور اگلے مالی سال میں حقیقی شرح نمو میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ہوگا جب کہ مالی سال 2025 میں مہنگائی کی شرح 26 سے کم ہوکر 12.2 فیصد ہونیکا امکان ہے۔
یو این اکنامک سروے میں کہا گیا ہے کہ سیاسی عدم استحکام نے معاشی ترقی، کاروبار اور شہریوں کو متاثر کیا، 2022 کے سیلاب کی تباہی سے زرعی پیداوار اور معیشت متاثر ہوئی تاہم 2023 میں آئی ایم ایف سے معاہدہ اور دوست ممالک کی مدد سے معیشت سنبھلنا شروع ہوئی۔
اکنامک سروے میں مزید کہا گیا ہے کہ توانائی کے شعبے میں سبسڈیزکے خاتمے اور مالی نظم وضبط سے معاشی استحکام آنا شروع ہوا، جی ڈی پی کے لحاظ سے ٹیکس کی شرح کم ہے۔
سروے کے مطابق ایشیا پیسیفک کے ترقی پذیر ممالک کو مناسب اورطویل المدتی وسائل کی ضرورت ہے، ترقی پذیرممالک کو انتخاب کرنا ہوتا ہے کہ وہ زیادہ شرح سود پر لیا گیا پچھلا قرض اتارنے پرخرچ کریں جب کہ دوسرا انتخاب یہ ہوتا ہے کہ وہ اپنے عوام کی تعلیم، صحت اور سماجی بہتری کیلئے وسائل خرچ کریں۔