راولپنڈی: عمران خان کے لیے دعائیہ تقریب منعقد کرنے پر علیمہ خان و دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان سمیت تحریک انصاف کے درجنوں کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں اور علیمہ خان کے خلاف مقدمہ عمران خان سمیت دیگر قیدیوں کی رہائی کے لیے دعائیہ تقریب منعقد کرنے کے حوالے سے لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی اور شاہراہ عام بند کرنے کے علاوہ سرکاری اہلکاروں سے مزاحمت سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر تھانہ سٹی کے ایس ایچ او سب انسپکٹر سجاد احمد کی مدعیت میں درج کی گئی، جس میں علیمہ خان، سینیٹر سیمی زیدی، برگیڈیئر ریٹائرڈ مشتاق احمد، عاصمہ قدیر، میجر ریٹائرڈ اقبال خٹک، راجہ عثمان ٹائیگر، زیاد خلیق کیانی، چوہدری میر افضل، شوکت بسرا، کرنل ریٹائرڈ اجمل صابر، طارق عزیز بھٹی، نیاز اللہ نیازی، شہریار ریاض، تنویر اسلم، سیمابیہ طاہر اور دیگر کو ملزم نامزد کیا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ تاحال کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا، مقدمہ درج کرنے کے بعد قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔