وزیراعظم نے عوام پر بوجھ ڈالے بغیر محصولات میں اضافے کا منصوبہ طلب کرلیا

298

وزیراعظم شہباز شریف نے عوام پر بوجھ ڈالے بغیر محصولات میں اضافے کا منصوبہ طلب کرلیا۔

اقتصادی شعبے کی اصلاحات سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہوا، جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق ملک، احسن اقبال، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ٹیکس نیٹ، مالیاتی خسارے، زرمبادلہ کے ذخائر، ترسیلات زر اور کرنٹ اکاؤنٹ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم کو ٹیکس وصولیوں، سبسڈیز، توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے علاوہ حکومتی اخراجتا میں کمی سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ 5 برس میں ٹیکس کو جی ڈی پی کے 15 فیصد تک لے کر جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عام آدمی پر بوجھ ڈالے بغیر محصولات میں اضافے کے لیے جامع پلان تشکیل کرکے پیش کیا جائے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاق صوبوں کو مضبوط کرکے 18ویں ترمیم کی تمام متعلقہ وزارتیں و ادارے صوبوں کے حوالے کرے گا، مالی خسارے کو کم کرنے کے لیے خرچوں میں کمی کی جائے گی۔