پاکستان نے سینٹرل ایشین والی بال لیگ کیلیے بھارت کو مدعو کرلیا

345

اسلام آباد: پاکستان والی بال فیڈریشن نے سینٹرل ایشین لیگ میں شرکت کیلیے بھارت کو مدعو کرلیا، ایشین والی بال لیگ میں آٹھ ممالک کی ٹیمیں آئندہ ماہ ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب کے مطابق پاکستان نے 11سے 17می تک کھیلی جانیوالی سینٹرل ایشین والی بال لیگ کی میزبانی کرنی ہے جس میں شرکت کیلیے بھارت کو بھی مدعو کیا ہے ، پاکستان کیساتھ ساتھ ایران، ترکمانستان، سری لنکا، قازقستان، افغانستان، کرغستان کی ٹیمیں بھی شرکت کریں گی جبکہ ایشین لیگ کے ذریعے پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوگا۔

چوہدری یعقوب نے کہا کہ انٹرنیشنل ایونٹ کے انعقاد کیلیے تیاریاں جاری ہیں، ایشین والی بال لیگ کا شاندار انعقاد ہوگاجبکہ قومی والی بال ٹیم کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں جاری ہے جہاں کھلاڑیوں کی برازیلین کوچ دیگر کوچز کے ہمراہ پلیرز کو ٹریننگ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کوچز کی بدولت قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بہتری آئی، نوجوان ٹیلنٹ کو انٹرنیشنل ایونٹس فراہم کر رہے ہیں جبکہ ہماری کوشش ہے کہ محدود وسال کے باوجود پاکستان زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل ایونٹس کھیلے۔