بیجنگ: چین میں سمندری طوفان کی ہواؤں میں 7افراد ہلاک ہوگئےجبکہ متعدد زخمی ہیں، چین میں گزشتہ 5دن سے مسلسل تیز ہوائیں چل رہی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چین میں چلنے والی طوفانی ہوائیں گزشتہ 5 دنوں سے جاری ہیں، تقریبا 10 سے 11 شہر بری طرح متاثر ہیں،طوفانی ہواؤں کے سبب معمولات زندگی متاثر ہوگئی ہے، تندوتیز ہواؤں سے کئی گھروں کی چھتیں اڑ گئیں اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔
طوفانی ہواؤں سے لکڑی سے بنے گھر بھی گرگئے ہیں، سڑکوں پر درخت اور ہورڈنگز بورڈ بھی گرگئے، لوگوں کو محفوظ مقام تک پہنچانے کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، بجلی کا نظام معطل ہونے کی وجہ سے شہریوں کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اس غیر متوقع موسم کو ماحولیاتی آلودگی کے موسمی تغیرات کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین میں 13 سال بعد ایسا سخت موسم دیکھنے میں آیا ہے، سمندری طوفان جیسی ہواوں کے ساتھ اولے برسنے کی بھی اطلاعات ہیں۔
خیال رہے کہ 31 مارچ سے چلنے والی طوفانی ہواؤں میں اب تک 93 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں، ڈھائی ہزار سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔