کراچی: شہر قائد میں بے رحم ڈکیتوں کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے، چند گھنٹوں کے دوران شہر میں مزید 2 شہریوں کو قتل کردیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائم خصوصاً ڈکیتیوں کی وارداتیں تھمنے کا نام نہیں لے رہیں جب کہ پولیس بھی بے بس دکھائی دیتی ہے، جس کے نتیجے میں وارداتوں میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اس دوران ڈکیت شہریوں کو گولی مار کر قتل کرنے سے بھی گریز نہیں کررہے۔
کراچی میں پیش آنے والے دو تازہ واقعات چند گھنٹوں کے دوران پیش آئے، جن میں دو شہری جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق نیو کراچی کے علاقے کاٹھیاواڑ محلے میں مسلح ملزمان نے واردات کی، اور اس دوران مزاحمت کرنے پر شہری پر فائرنگ کردی، جو ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ بعد ازاںملزمان فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے کہ اہل علاقہ ان کے پیچھے لگ گئی۔ ملزمان نے پیچھے آنے والوں پر براہ راست فائر کھول دیے، جس سے ایک شہری کو گولی لگ گئی، اور وہ جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
شہری کے قتل کا دوسرا واقعہ نارتھ ناظم آباد کے علاقے انڈاموڑ کے قریب چلڈرن اسپتال کے نزدیک پیش آیا، جس میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر ملزمان نے گولی چلا دی، جس ے بزرگ شہری سید حامد علی ولد سید جنید علی کو سینے پر گولی لگی اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔
کورنگی کے علاقے ساڑھے 5 نمبر میں بھی فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔