اسرائیل کو بھرپور جواب دینے کا حق رکھتے ہیں، ایران

307

دمشق: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی، بھرپور جواب کا حق رکھتے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کے پاسداران انقلاب نے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیل کے فضائی حملے میں اپنے دو سینئر کمانڈرز سمیت 7 ارکان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی جن کی شناخت بھی ظاہر کردی گئی۔

جاں بحق ہونے والوں میں شام اور لبنان میں پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد رضا زاہدی اور ان کے نائب بریگیڈیئر جنرل محمد ہادی حاجی رحیمی کے علاوہ حسین امان اللہ، مہدی جلالاتی، محسن صداقت، اور علی آغا بابائی شامل ہیں۔

دوسری جانب سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے ہلاکتوں کی تعداد 11 بتاتے ہوئے کہا کہ ایرانی سفارت خانے سے ملحقہ عمارت پر اسرائیلی حملے میں 8 ایرانی ، 2 شامی اور ایک لبنانی فوجی جاںبحق ہوا ہے۔

ادھر شامی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی ہے جس کا بھرپور جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اپنے بیان میں اسرائیل کو جوابی کارروائی سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت پر عالمی قیادت کی جانب سے سنجیدہ اور موثر رد عمل کا آنا بے حد ضروری ہے۔