اسلام آباد: سائنوٹیک سولر پرائیویٹ لمیٹڈ نے کراچی میں سولر پینل مینوفیکچرنگ پلانٹ لگاتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کا آغاز کردیا۔
منصوبے کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے پلیٹ فارم سے آگے بڑھایا جا رہا ہے جو پلانٹ کی تنصیب کے لیے دستاویزی کام میں آسانیاں فراہم کررہی ہے۔
اس منصوبے سے پاکستان میں سولر پینلز کی مقامی طور پر پیداوار شروع ہوسکے گی، اس کے ساتھ ساتھ سائنوٹیک ڈرائی بیٹریوں اور الیکٹرک وہیکلز ٹرکوں کی تیاری میں معاونت کرے گی۔
اس منصوبے سے ملک میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی جبکہ درآمدات پر انحصار کم ہوگا اور ساتھ ساتھ لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ یہ منصوبہ جدید ٹیکنالوجی تک رسائی اور ملک میں صاف توانائی کی مہم کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔
حکومت پاکستان نے سائنوٹیک سولر پرائیویٹ لمیٹڈ پر زور دیا ہے کہ وہ خام مال اور مشینری کی درآمد پر زیرو ریٹیڈ ڈیوٹی کے اہل ہونے کے لیے ایک تفصیلی 5 سے 7 سالہ مقامی منصوبہ پیش کرے۔