راولپنڈی : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بہت پہلے کہا تھا ”ن” میں سے” ش” نکلے گی، شہباز شریف کی سیاست چلے گی نواز شریف کی نہیں۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ 9 مئی کے تین مقدمات کی تین تین نقول ہمیں فراہم کردی گئی ہیں، ہمارے خلاف 9 مئی کے 17 کیس چل رہے ہیں، 11 کیس دہشتگردی عدالت میں ہیں وہاں آئندہ سماعت پر بھی پیش ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جنہوں نے چلانی ہے انہوں نے چلانی ہے، ہماری خاموشی رنگ لائے گی، ہم چاہتے ہیں غریب کا چولہا جلے، پاکستان کو آگے جانا چاہیے کیونکہ غریب کی حالت بہت خراب ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ 27 رمضان کو مقتدر حلقے غریب لوگوں کیلئے معافی کا اعلان کریں۔
سابق وزیر نے کہا کہ بہت پہلے کہا تھا (ن)میں سے ش نکلے گی، نواز شریف کی سیاست کی جگہ شہباز شریف نے لی ہے، بہت پہلے کہا تھا شہباز شریف کی سیاست چلے گی نواز شریف کی نہیں۔