پختونخوا میں مخصوص نشستوں پر حلف نہیں لیا جا سکا، سینیٹ الیکشن پر شش و پنج برقرار

366
polling will be held tomorrow

پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف نہیں لیا جا سکا، جس کے بعد سینیٹ انتخابات کا معاملہ تاحال شش و پنج کا شکار ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صوبہ کے پی کے میں سینیٹ انتخابات کا معاملہ قانونی پیچیدگیوں میں الجھ گیا۔ صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے ارکان سے تاحال حلف نہ لیے جانے کی وجہ سے کل (منگل کو) الیکشن کمیشن کی جانب سے شیڈول کیے گئے سینیٹ کے انتخابات ہونے یا نہ ہونے کا معاملہ تاحال حل طلب ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پختونخوا میں سینیٹ الیکشن کو صوبائی اسمبلی کے نومنتخب ارکان کے حلف سے مشروط کیا تھا، جس پر تاحال کوئی پیش رفت نہ ہو نے کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے بھی سینیٹ الیکشن ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے فیصلہ کل کے حالات پر چھوڑ دیا ہے۔ سینیٹ الیکشن کے لیے انتخابی عملہ خیبرپختونخوا اسمبلی جاکر الیکشن کرانے یا نہ کرانے کے حوالے سے فیصلہ کرے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی خالی 11 نشستوں پر شیڈول کے مطابق انتخابات منگل کو ہوں گے ، خیبرپختونخوا اسمبلی سے ایوان کو پولنگ اسٹیشن قرار دینے کی قرارداد پاس نہ ہونے کے باعث الیکشن کا انعقاد اسمبلی کے جرگہ ہال میں کیا جائے گا، سینیٹ الیکشن کے انعقاد کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 تک ہوگی۔