کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کراچی میں جرائم کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا اپنا بیان واپس لیں اور عوام سے معافی مانگیں، کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کو سندھ حکومت کی سرپرستی حاصل ہے، کراچی میں مسلح ڈکیتیوں میں صرف رمضان المبارک میں 10شہری اپنی جان گنوا بیٹھے جبکہ رواں سال49افراد ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بنے اور ان کی زندگی کا چراغ گل ہو گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ کراچی میں جب تک مقامی پولیس کا تصور اور نظام قائم نہیں کیا جائے گاجرائم کو کنٹرول اور شہریوں کی جان و مال کو تحفظ حاصل نہیں ہو گا، کراچی پولیس میں مقامی افراد کو ترجیحی بنیادوں پر بھرتی کیا جائے اور کالی بھیڑوں کا صفایا کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، گیس، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جماعت اسلامی عوام کو ڈاکوؤں، ان کے سرپرستوں اور جعلی مینڈیٹ والی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی۔
انہوں نے کہاکہ عید الفطر کے بعد فارم 47کی پیدوار زبردستی مسلط کی گئی حکومت اور جعلی مینڈیٹ کے خلاف بھر پور تحریک چلائے گی، جمعۃالوداع کو یوم القدس ہے،امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر پورے پاکستان میں ”یوم القدس“منائیں گے۔