کراچی: شہر میں کل اتوار سے درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی جانب سے کی گئی پیش گوئی کے مطابق شہر قائد میں ہفتے کے روز شہر میں سمندری ہوائیں چلنے کا سلسلہ برقرار رہا جس کی رفتار 30 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رہی۔
موسم کی صورت حال میں مزید بتایا گیا ہے کہ اتوار سے شہر قائد میں سمندری ہواؤں کی رفتار کم ہونے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
شہر کے درجہ حرارت میں اضافہ بلوچستان کی مغربی سمت کی ہواِئیں چلنے کے سبب ہوگا۔ اتوار اور پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوز کرسکتا ہے جب کہ صبح سے شام کے درمیان سمندری ہوائیں غیرفعال رہ سکتی ہیں۔