پاکستان کو آئی ایم ایف سے اربوں ڈالر تک کا نیا قرض پروگرام ملنے کی امید

346
Next loan tranche

پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) سے 7 سے 8 ارب ڈالر تک کا نیا قرض پروگرام ملنے کی امید ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے پروگرام کے لئے درخواست آئندہ ماہ دی جائے گی، آئی ایم ایف سے باقاعدہ مذاکرات ایگزیکٹیو بورڈ میٹنگ کے بعد ہوں گے۔

آئی ایم ایف سے نئے تین سالہ قرض پروگرام کے لئے مذاکرات دو سے تین ماہ جاری رہنے کا امکان ہے، نئے مالی سال کا بجٹ بھی آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق تیار کرنا ہوگا۔ بجلی گیس ٹیرف میں اضافہ، کاسٹ ریکوری اصلاحات، نئے ٹیکس اقدامات شرائط میں شامل ہیں، مہنگائی میں کمی آنے تک پالیسی ریٹ میں کمی نہ کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

آئی ایم ایف نے پاکستان کے ذمہ قرضوں کو پائیدار قرار دے دیا ہے، قرضوں کی ادائیگی کے لئے ایکسٹرنل فنانسنگ یقینی بنانا ہوگی۔آئی ایم ایف سے نئے قرض پروگرام سے متعلق پی ٹی آئی کے تحفظات نظر انداز کردیے گئے ہیں جب کہ آئی ایم ایف پانچ سالہ مینڈیٹ لے کر آنے والی نئی مخلوط حکومت سے مذاکرات کے لئے پرعزم ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی کے برعکس نئے پروگرام پر عمل درآمد کے لئے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے گارنٹی کی ضرورت نہیں پڑے گی۔