اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینی عوام کی منظم نسل کشی کے لئے  دنیا بھی جوابدہ ہے،  ایران

311

 تہران:  ایران نے غزہ میں غاصب اسرائیلی حکومت کے ہاتھوں فلسطینی عوام کی منظم نسل کشی  پر دنیا کی قومی حکومتوں اور بین الاقوامی سیاسی و قانونی اداروں کو بھی جواب دہ قرار دیا ہے۔

غزہ میں اسرائیلی  حکومت کے ذریعے فلسطینی عوام کی منظم نسل کشی کے بارے میں اقوام متحدہ   کی رپورٹ پر ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی  حکومت کی منظم نسل کشی کی اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر نے صراحت کے ساتھ تصدیق کردی ہے۔

 انہوں نے  کہاکہ اس رپورٹ کے آنے کے بعد دنیا کی قومی حکومتوں اور بین الاقوامی سیاسی و قانونی اداروں کو عالمی رائے عامہ کے ہی نہیں بلکہ تاریخ کے فیصلے کا بھی سامنا ہے کہ وہ اپنے انسانی، قانونی اور تاریخی فرائض پر عمل کرتے ہیں یا نہیں۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر فرانچسکا البانیزی نے فلسطین کے بارے میں  کہاہے کہ تقریبا 6 مہینے سے غزہ پر اسرائیل کے حملے تسلسل کے ساتھ جاری ہیں، اس ہولناک ترین جرم کے بارے میں دنیا کو آگاہ کرنا میری ذمہ داری ہے،غزہ میں منظم نسل کشی کی گئی ہے، اسرائیل سفاکیت کے ساتھ فلسطین کے عوام کے ساتھ ظلم ڈھا رہا ہے۔