لگتا ہے یہ عمرے کسی خاص شخص کے لئے ہورہے ہیں،پشاور ہائیکورٹ

225

پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنمائوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ اور اسٹاپ لسٹ میں ڈالنے کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران دلچسپ ریمارکس سامنے آئے، عدالت نے کہا کہ لگتا ہے یہ عمرے کسی خاص شخص کے لیے ہورہے ہیں۔

پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد نے صوبائی وزیر فضل شکوراور ارکان اسمبلی عارف احمد زئی خالد خان، فصل محمد خان، عاطف خان ،شہرام خان ترکئی، ارباب جہانداد، ادریس خٹک ، انور تاج ،سابق ایم پی محمد علی ترکئی کی درخواستوں پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے موکل کے عمرے پرجانے کیلئے اجازت طلب کرتے ہوئے کہا گیا کہ نام ای سی ایل اور سٹاف لسٹ میں شامل کیے گئے ہیں۔

اس پر جسٹس عتیق نے استفسار کیا کہ لگتا ہے یہ عمرے کسی خاص شخص کے لئے  ہورہے ہیں، وہاں یہ ویڈیوز بھی بنائیں گے اور کہیں گے کہ ہم نے آپ کے لیے عمرہ کیا اور دعا بھی مانگی۔

ڈائریکٹر لیگل ایف آئی اے عبد الرحمان آفریدی نے عدالت کو بتایا کہ ڈی پی اوز کی سفارشات پر نام ای سی ایل میں شامل کیے ہیں، وکیل ایف آئی اے نے کہا کہ مختلف مقدمات میں نامزد ہیں اس لیے متعلقہ پولیس افسران نے سفارش کی ہے۔

وکیل کی جانب سے کہا گیا کہ درخواست گزاروں نے تمام مقدمات میں عدالت سے ضمانت حاصل کی ہے۔ عدالت نے وفاقی حکومت،ایف آئی اے اور متعلقہ فریقین سے 7 روز میں جواب طلب کرلیا۔