اصل سائفر دفتر خارجہ میں ہے، وزیر اعظم آفس کا چوکیدار نہیں، عمران خان

233

روالپنڈی: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی )  کے بانی  اور سابق وزیراعظم عمران خان  کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے آفس کے کچھ سکیورٹی پروٹوکول ہوتے ہیں، وزیر اعظم آفس کا چوکیدار نہیں ہوتا ،سائفر وزیر خارجہ میں موجود ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ  میں  نے اپوزیشن لیڈرعمر ایوب کو اور شیرافضل مروت کوپی اے سی کاچیئرمین نامزدکیاہے، اب اسپیکر کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوٹی فکیشن جاری کرکے آئینی قوانین کو پورا کرے۔

بانی پی ٹی آئی  نے کہاکہ ٍڈونلڈلو رجیم چینج تسلیم کرلیتا تواس کا دباؤ پوری جو بائیڈن حکومت پرآتا اوربائیڈن حکومت ہل جاتی، ڈونلڈ لو کے بیان پر دوبارہ انکوائری کروائی جائے، امریکی سفیرسے ملاقات ہوئی توڈونلڈلوکے بیان اورامریکی سفارتخانہ کے کردارپربات کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 40 ایم پی ایز کے فارورڈ بلاک سے متعلق علم نہیں، مجھے پنجاب کے پارلیمانی لیڈرسے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، 8 فروری پر بھی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے، دھاندلی زدہ الیکشن کے باعث صدر اورسینیٹ الیکشن کی کوئی حیثیت نہیں، انتخابات میں اکثریت کو اقلیت میں بدل دیا گیا، مجھے جیل میں رکھنا ہے تو رکھیں مگر باقی لوگوں کو رہا کردیا جائے، الیکشن کمیشن نے خود دھاندلی کروائی وہ کیسے انکوائری کرسکتا ہے۔