اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ہم اپنا اور چین جیسے دیرینہ دوستوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں،اس واقعے کی تحقیقات کے حوالے سے جے آئی ٹی کے قیام پر مشاورت ہوئی ہے، ایک جے آئی ٹی بنائی جائے گی جواس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نشریات نے کہا کہ دہشتگردی کو جڑسے اکھاڑنے کیلئے حکومت پاکستان پوری طرح پرعزم ہے، پاک چین لازوال دوستی ہمیشہ قائم رہے گی، دہشت گردی کے واقعات اس لیے کیے جاتے ہیں کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچایا جائے، ہم چینی عوام کے دکھ میں ساتھ کھڑے ہیں، ہم چائنیز سے اظہار ہمدردی اور دکھ کا اظہار بھی کرتے ہیں۔
عطار تارڑ نے کہا کہ آج وزیراعظم کی زیر صدارت سکیورٹی اجلاس ہوا، جب ہماری سالمیت پر وار ہوتا ہے تو تمام پاکستانی اکٹھے ہوجاتے ہیں، ہم اپنا اور چین جیسے دیرینہ دوستوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں، آج کے اجلاس میں سکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہا گیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے دہشتگردی کی جنگ میں جانوں کے نذرانے پیش کیے ، ہم 2018میں پرامن پاکستان چھوڑ کرگئے تھے، 2013میں جب آئے تو آئے روز دہشتگردی کے واقعات ہوتے تھے،اب دہشتگردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے، جب تک دہشتگردی کا خاتمہ نہیں ہوتا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔