اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے اقوامِ متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قرارداد کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے سکیورٹی کونسل کی قرارداد خوش آئند ہے، عالمی برادری غزہ سے متعلق سکیورٹی کونسل کی قرارداد پر عملدرآمد یقینی بنائے۔غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری صہیونی ظلم و جبر کو مستقل طور پر بند ہونا چاہئیے، اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں اب تک ہزاروں کی تعداد میں خواتین اور بچے شہید ہوچکے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے دانستہ طور پر اسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں کو بمباری کا نشانہ بنایا گیا جو انتہائی قابلِ مذمت ہے، پاکستان جون1967 سے قبل سرحدوں والی فلسطینی ریاست کی حمایت جاری رکھے گا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے غزہ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔