شانگلہ خودکش حملہ پاک چین تعلقات خراب کرنے کی سازش ہے، آئی ایس پی آر

223
Bahawalnagar tragedy

راولپنڈی: شانگلہ میں ہونے والے خود کش حملے کے ردعمل پر ترجمان پاک فوج نے بیان جاری کیا ہے کہ یہ پاک چین تعلقات خراب کرنے کی سازش ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بشام، تربت اور گوادر میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان کی داخلی سلامتی کی صورت حال کو غیر مستحکم کردیا جائے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج کی جانب سے دہشت گردی کی پہلی 2 کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا، تاہم بشام میں تیسرے واقعے میں پانچ چینی شہریوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوئے، جس پر پاکستانی قوم چین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔

ترجمان پاک فوج نے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں بلاامتیاز قابل مذمت ہیں۔پاکستان کی معاشی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے اہم اسٹریٹجک منصوبوں اور حساس مقامات کو نشانہ بنانا پاکستان اور اس کے اتحادیوں و شراکت داروں خصوصاً چین کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہ

بیان کے مطابق بعض غیر ملکی عناصر اپنے ذاتی مفادات کے تحت پاکستان میں دہشت گردوں کی مدد اور ان کی حوصلہ افزائی میں ملوث ہیں۔ یہ عناصر مسلسل دہشت گردوں کے سرپرست کے طور پر بے نقاب ہو رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہریوں، غیر ملکیوں اور مسلح افواج کے خلاف تشدد کی ایسی گھناؤنی کارروائیاں پاکستانی عوام، سیکورٹی فورسز اور ہمارے شراکت داروں کے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کو پست نہیں کر سکتیں۔