پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے، وزیر داخلہ

276
ability

اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی نے شانگلہ میں دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی شانگلہ خودکش دھماکے کے فوری بعد چینی سفارت خانے پہنچ گئے جہاں انہوں نے چینی سفیر سے ملاقات کی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر کو دھماکے کی تمام تفصیلات اور ہلاکتوں کے بارے آگاہ کیا، محسن نقوی نے جائے وقوعہ پر جاری ریسکیو آپریشن سے بھی چینی سفیر کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔

وزیر داخلہ نے شانگلہ میں دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کے جان بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، واقعہ کی جامع تحقیقات کو یقینی بنا کر اس میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے، ان عظیم دو طرفہ تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔