راولپنڈی: بانی تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے جیل میں رکھ لیں مگر باقی رہنماوں کو رہا کردیں،چیف جسٹس 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کو ریکور کرنے کا حکم دیں،جنہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیجز چوری کی وہی نو مئی کے ذمہ دار ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ کرائم کی انفارمیشن چھپانا بھی جرم ہے، 9 مئی کا واقعہ کرکے ہم پر الزام لگا دیا گیا، 9 مئی کی بنیاد پر ایک سیاسی جماعت کو ختم کیا جا رہا ہے، یہ سب کچھ لندن پلان کے تحت چل رہا ہے، مجھے اندر کرنا تھا اور نواز شریف کو لانا تھا۔
بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ ڈونلڈ لو کے بیان پر دوبارہ انکوائری کروائی جائے، امریکی سفیر مجھے ملنے جیل نہیں آئے ، جب ملاقات ہو گی تو ڈونلڈ لو کے بیان اور پاکستان میں امریکی سفارتخانہ کے کردار پر بات کروں گا۔
عمران خان نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی سے کہنا چاہتا ہوں کہ پی ٹی آئی کی 25 مئی کی پٹیشن کو سنا جائے اور نو مئی واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، نو مئی واقعات پر اب تک کوئی انکوائری نہیں ہوئی۔