اسلام آباد: صوبہ کے پی کے میں اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر حلف لینے سے متعلق درخواست پر الیکشن کمیشن کی جانب سے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی زیرسربراہی الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے نومنتخب ارکان کی درخواست پر سماعت کی، جس میں مخصوص نشستوں کے ارکان سے حلف لینے کی استدعا کی گئی تھی۔
سماعت کے موقع پر کے پی اسمبلی کی نومنتخب خواتین اور اقلیتی ارکان کے علاوہ صوبائی اسمبلی کے سیکرٹری کے نمائندے بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
الیکشن کمیشن میں وکلا اور صوبائی اسمبلی کے نمائندے کی جانب سے دلائل سنے گئے۔ بعد ازاں ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے سماعت کے دوران کہا کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمےداری ہے۔ الیکشن کے بعد حلف لینے کا معاملہ بھی الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ الیکشن کمیشن ارکان کے حلف لینے کے حوالے سے ہدایات جاری کرسکتا ہے۔ اسپیکر ارکان کا حلف لینے میں تاخیر کریں تو الیکشن کمیشن مداخلت کرسکتا ہے۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن کے خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر ارکان سے حلف لینے کی درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا۔