راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے اڈیالہ جیل میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق بیان دیا، عمران خان ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل فٹ ہیں۔
اڈیالہ جیل میں قائم کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کبھی کسی کو نقصان پہنچایا نہ کسی کو مارنے کا کہا بانی پی ٹی آئی کے خمیر میں بدلہ لینا نہیں، مسلمان کسی سے بدلہ نہیں لیتا۔
بشری بی بی نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ سماعت پراڈیالہ جیل پیشی کیلیے آئی تو بنی گالہ میں میرے شہد میں کچھ ملایا گیا تھا، میں شہد استعمال کرتی ہوں واپس جا کے شہد کھایا تو طبیعت بگڑ گئی۔
بشری بی بی کا کہنا تھا کہ یہ کچھ بھی کر لیں یہ عوام میں چلنے کے قابل نہیں رہیں گے، حالات بہتری کی جانب جا رہے ہوتے تو رانا ثنا اللہ ایسا بیان نہ دیتے۔
عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے کہا کہ چیزوں کو بہتری کی طرف جانا چاہیے تھا مگر نہیں جا رہیں، بانی پی ٹی آئی عوام اور ملک کے لیے جیل کے اندر ہیں۔
بشری بی بی کا کہنا تھا کہ عوام کو چوروں کا ساتھ نہیں دینا چاہیے، بانی پی ٹی آئی چاہتے تو وہ بنی گالہ میں آرام کی زندگی گزار رہے ہوتے۔