نائب امیر البدر محترم عمر فاروق بھائی اور ناصر پراچہ صاحب کے ذریعے انتہائی افسوسناک اطلاع ملی کہ میرا ایک اور بہت ہی پیارا شاگرد رانا آصف جاوید المعروف اویس ڈار جنرل سیکرٹری البدر حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال فرما گئے ہیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
کائنات کی سب سے بڑی حقیقت اور سچائی یہی ہے کہ ہر انسان کو ایک نہ ایک دن اس جہاں سے کوچ کر جانا ہے۔ کس کو کب اور کہاں کس وقت اس جہاں سے رحلت فرمانی ہے اس کا سوائے اللہ ربّ العالمین کے کوئی نہیں جانتا۔
اویس ڈار بھائی کے انتقال کی اس اچانک اطلاع نے اندر سے ہلا کر رکھ دیا۔ لمحوں میں ان کے ساتھ گزارے ہوئے کئی سال قبل کے ایام نم آنکھوں کے سامنے آ گئے۔ ہنس مکھ چہرہ، صحت مند پھرتیلا جسم، ہر لمحہ تابعداری سے سرشار نوجوان رانا آصف المعروف اویس ڈار، میرے تابعدار شاگردوں میں سے تھے جنہوں نے ہر ملاقات پر پہلے سے بڑھ کر عزت بخشی۔ مجھے یہ شرف حاصل ہے کہ اللہ تعالیٰ نے فیصل آباد کہ اس مشہور تحریکی، سیاسی و سماجی خاندان کے تین بھائیوں سابق طالب علم رہنما رانا طارق سرور، رانا طاہر جاوید اور رانا آصف جاوید کی تربیت کرنے کا موقع دیا۔ تینوں ہی قائدانہ صلاحیتوں سے مالا مال اپنی ذات میں انجمن تھے۔
رانا آصف جاوید المعروف اویس ڈار مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں کو بھارتی درندگی سے نجات دلانے، آزادی کشمیر کی جدو جہد کو تقویت پہنچانے کے لیے عملی طور پر جہاد کشمیر میں کشمیر سنگ کے نام سے ایک عرصہ تک حصہ لیتے رہے۔ بڑے بڑے معرکوں میں شریک رہے، کپواڑہ سے لیکر سری نگر تک سکھوں کے بھیس میں سفر کرتے مظلوم کشمیریوں پہ ظلم کرنے والے بھارتی درندوں (فوجیوں) کے لیے دہشت کی علامت بنے رہے۔ بی بی سی پر بھی ان کے ان کارناموں کا چرچہ عام تھا۔ مقبوضہ کشمیر کے مسلمان بڑے فخر سے ان کے کارنامے ایک دوسرے کو سنایا کرتے ہیں خصوصاً بھارتی سورماؤں کے گلے کاٹنے کے قصے۔
مشکل ترین حالات کے باوجود تا دم مرگ انہوں نے علم جہاد تھامے رکھا۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے، کشمیری مسلمانوں کی آزادی کے لیے کی جانے والی ان کی کاوشوں کو اپنے دربار عالیہ میں قبول فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور شہداء و غازیوں کی علمبردار ان کی تنظیم البدر کو میدان کار زار میں ہمیشہ ثابت قدم رکھے۔