یومِ پاکستان قومی جوش وجذبے سے منایاگیا، شکر پڑیاں میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ

414
national enthusiasm

اسلام آباد: یوم پاکستان ملک بھر میں قومی جوش و جذبے سے منایا گیا، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کی مرکزی تقریب شکر پڑیاں پریڈ گراوٴنڈ میں ہوئی، جہاں مسلح افواج کے دستوں نے اپنی بھرپور طاقت اور نظم کا مظاہرہ کیا۔ افواج پاکستان کی پریڈ کے مہمان خصوصی صدرآصف علی زرداری تھے جبکہ سعودی عرب کے وزیر دفاع سمیت غیر ملکی مہمان بھی شریک ہوئے۔

مرکزی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزراء اور آرمی چیف جنرل عاصم منیرسمیت مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔اس کے علاوہ وفاقی وزرا ارکان اسمبلی اور پاکستان میں غیرملکی سفرا شریک ہوئے۔

تقریب میں پاک فوج کے مختلف یونٹوں کے دستوں نے سلامی پیش کی۔ پاکستان آرمی پاک فضائیہ پاکستان نیوی ایف سی پنجاب پولیس سروسز میں خواتین کے خصوصی دستے اور بینڈز نے مارچ پاسٹ کیا جبکہ ایس ایس جی کے کمانڈوز نے میدان لوٹ لیا اور اپنے روایتی اللہ و اکبر کے نعروں سے حاضریں کا خون گرمایا۔

دفاع کے شعبہ میں پاکستان کی ترقی اور جدید اسلحہ کی نمائش کی گئی۔ جدید الخالد ٹینک غوری ون اور غوری ٹو میزائل شاہین میزائل جدید ریڈار سسٹم دفاعی نظام ڈرون کا مارچ پاسٹ کیا گیا۔

صدر مملکت نے پریڈ کا معائنہ کیا اور تقریب سے خطاب کیا، پریڈ میں صوبوں کا خصوصی ثقافتی شو بھی پیش کیا گیا اور فلوٹ نے مظاہرہ کیا جبکہ دفاع کے شعبہ میں پاکستان کی ترقی اور جدید اسلحہ کی نمائش کی گئی۔

نماز فجر کے اجتماعات میں ملک و ملت کی سلامتی اوراستحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، جبکہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے زیراہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے سیمینار اور کانفرنسوں کا انعقاد اور ریلیاں نکالی گئیں۔