اسلام آباد: ملک بھرمیں آج یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
آج کے خاص دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں لاہور، پشاور، کراچی،بلوچستان میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
یوم پاکستان کی مناسبت سے مرکزی تقریب پریڈ گراؤنڈ شکرپڑیاں میں ہوئی، جہاں مسلح افواج کے دستے اپنی بھرپور قوت، صلاحیتوں اور نظم و ضبط کا عملی مظاہرہ کیا۔
پریڈ گراؤنڈ پر ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری تھے۔ اس موقع پر سعودی وزیر دفاع سمیت دیگر ممالک سے بھی اہم شخصیات کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔
تقریب میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر اور سروسز چیفس بھی شریک ہوئے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزرا، ارکان اسمبلی، غیر ملکی سفیر اور دیگر شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا۔
مرکزی تقریب میں پاکستان کی مسلح افواج کے مختلف یونٹس سلامی پیش کی گئی جب کہ پاک فضائیہ کے جدید طایرے جن میں جے ایف 17، ایف 16 اور میراج طیارے شامل ہیں، فضائی مظاہرہ کرکے پاکستان کے ناقابل تسخیر اور پاک فوج کے کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہونے کا ثبوت پیش کیا۔
مرکزی تقریب کے علاوہ مزار قائد اور مزار اقبال پر بھی پروگرامات کا انعقاد کیا گیا۔
ملک بھر میں نماز فجر کے اجتماعات میں ملک و ملت کی سلامتی اوراستحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا ۔
یوم پاکستان کی مناسبت سے سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے زیراہتمام سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے جب کہ مختلف تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں ہر سال 23 مارچ کو یوم پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اس قرارداد کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ وطن کا خواب دیکھا تھا۔
قرارداد پاکستان لاہور کے منٹو پارک میں پیش کی گئی تھی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔