اسلام آباد : سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں کیخلاف انٹرا کورٹ اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کر دی گئیں۔
جمعہ کے روز چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسٰی نے فوجی عدالتوں کیخلاف انٹرا کورٹ اپیلوں کے لئے نیا 6 رکنی بینچ تشکیل دے دیا ہے جو کہ 25 مارچ کو اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
یاد رہے کہ 20 مارچ کو سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ نے فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کے ملٹری ٹرائل کے خلاف اپیلوں کی جلد سماعت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی۔
سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ نے گزشتہ روز اپنے وکیل ایڈووکیٹ خواجہ احمد حسین کے ذریعے ایک درخواست دائر کی، جس میں استدعا کی گئی کہ اگر اپیل خارج کر دی گئی تو شہریوں کو بلا جواز کئی مہینوں تک فوجی حراست میں رہنا پڑے گا۔
درخواست گزار نے مطالبہ کیا کہ ترجیحی بنیادوں پر 25 مارچ تک کیس کی سماعت کی جائے کیونکہ شہریوں کے مسلسل فوجی حراست میں رہنے سے ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔
چیف جسٹس کی جانب سے تشکیل دیئے گئے 6 رکنی بینچ کی سربراہی جسٹس امین الدین خان کریں گے۔ جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید بینچ میں شامل ہوں گے۔
علاوہ ازیں جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس عرفان سعادت خان بھی بینچ کا حصہ ہوں گے۔