اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کے تمام شعبوں میں جدت لانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی ٹی سیکٹر میں ترقی اور ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے متعلق اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی، جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹر میں ترقی اور اس کے استعمال کے حوالے سے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اہم اجلاس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین نے شرکت کی اور اپنی آئی ٹی کے تمام شعبوں میں استعمال کے حوالے سے بریفنگ میں اپنی تجاویز پیش کیں۔ وزیراعظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ترقی کے لیے آئی ٹی کے استعمال کی ضرورت ناگزیر ہے۔ ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ملکی معیشت کو فروغ دینے اور استعداد کار کو بڑھانے کے لیے جدید ٹولز کا استعمال یقینی بنائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کے اطلاق سے معیشت کے ہر شعبے میں جدت لے کر آئیں گے اور نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہم عصر تقاضوں سے ہم آہنگ علم و ہنر کی بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ آئی ٹی کی فروغ کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی معاونت حاصل کی جائے، اس کے علاوہ ترجیحی بنیاد پر ملکی آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لیے ایک جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔