اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سب کو مل بیٹھنا ہوگا۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی صدارت میں ہوا، جس میں ملک کی معاشی پیش رفت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم آفس میں ہونے والے اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ سابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور ان کی نگراں کابینہ کے ارکان بھی اجلاس میں موجود تھے۔ علاوہ ازیں اجلاس میں سابق نگراں وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا، چیف سیکرٹریز اور معاونین بھی شریک ہوئے۔ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں موجودہ حکومت کے چاروں وزرائے اعلیٰ نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلٹی کونسل کے نیشنل کوآرڈینیٹر اور ڈی جیز نے شرکا کو بریفنگ دی جب کہ سابق نگراں وزیراعظم اور ان کابینہ کے ارکان نے اپنے دور کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی ایک اہم پلیٹ فارم ہے جسے جاری رکھا جائے گا، معاشی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے یہ پلیٹ فارم بہت اہم ہے، ملک کو درپیش معاشی چیلینجز سے نمٹنے کے لیے سب کا مل بیٹھنا خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کا کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہو چکا ہے اور کچھ دنوں تک آئی ایم ایف سے قسط مل جائے گی تاہم ہمیں مزید ایک پروگرام چاہیے جس کا دورانیہ 3سال تک ہو سکتا ہے جبکہ پروگرام کے تحت اصلاحات لانا بہت ضروری ہیں۔