اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر حملہ ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کا امن تباہ کرنے والے ملک دشمن اور عوام کو ترقی سے دور کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملہ کرنے والوں کے خلاف پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اور فورسز کے افسران اور جوانوں کو شاباش پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے آپریشن میں سیکورٹی فورسز کے شہید اہل کاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ قوم کے بہادر سپوت دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے اپنی جانوں کا قیمتی نذرانہ دے کر ارض پاک کی حفاظت میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے جس بہادری اور بروقت کارروائی سے حملہ ناکام بنایا اور حملہ آوروں کو ہلاک کیا وہ قابل تحسین ہے، بلوچستان کے امن کو نشانہ بنانے والے پاکستان اور اس کے عوام کی معاشی ترقی اور مہنگائی سے نجات کے عمل کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی مسلح افواج، پولیس اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہے، وزیراعظم کی شہدا کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔