شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیرِ اعظم اور صدر نیب کے گریجویٹ ہیں۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری نیب کی جیلوں میں لمبا عرصہ گزار چکے ہیں ، میرا پانچواں سال نیب عدالتوں میں شروع ہو گیا، تمام وزرائے اعلیٰ اگر جیل نہیں گئے لیکن نیب میں شاملِ تفتیش ہوئے، حکومت کی ذمے داری ہے کہ نیب کے قوانین واپس لے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نیب کا تماشہ ختم ہونا چاہیے، ملک کا کوئی افسر نیب کے خوف سے کام کرنے کو تیار نہیں، سنا تھا ن لیگ نے کہا ہے کہ نیب کو ختم کریں گے۔ جیسے نیب کیسز بنے ویسے ختم بھی ہو سکتے ہیں، نیب کا ادارہ تو بنا لیکن عوام کو اس کا فائدہ کچھ نہیں ہوا، بد قسمتی سے حکومت عوام کو بتاتی نہیں کہ مہنگائی ہوتی کیوں ہے۔