وزیراعلی پنجاب سے ایرانی قونصل جنرل کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

279

 لاہور: وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فر نے ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایوان وزیراعلی میں ہونے والی ملاقات میں ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر نے وزیر اعلی مریم نواز کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی جس پر مریم نواز نے ایرانی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا۔

 ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ باہمی ایکسپورٹ کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

 دونوں رہنماوں نے ثقافتی وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا جس کے تحت خیر سگالی کے طور پر 20 مارچ کو نوروز کی مناسبت سے بادشاہی مسجد میں چراغاں کیا جائے گا، دونوں ممالک کے درمیان یوتھ کلچر ایکسچینج پروگرام کے فروغ کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ باہمی زرعی تجارت کو بڑھانا چاہتے ہیں، پاکستان اور ایران ایک دوسرے کے ساتھ ثقافتی اور مذہبی طور پر جڑے ہوئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے عوام کا تاریخی رشتہ صدیوں پر محیط ہے، دو طرفہ تعلقات کو بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں۔