لاہور: پولیس نے اچھرہ بازار واقعے کے 3 مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے علاقے اچھرہ بازار میں توہین مذہب کے نام پر خاتون کو سرعام ہراساں کرنے والے 3 مرکزی ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
لاہور پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ندیم کمانڈو، عادل علی اور التمش نامی تین افراد کو گرفتار کرلیا، جنہوں نے خاتون کو ہراساں کرنے کے ساتھ جان سے مارنے کی بھی کوشش کی تھی۔ ملزمان نے ہجوم کو تشدد پر بھی اکسایا۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزمان روپوش ہوگئے تھے اور انہوں نے اپنے موبائل فونز بند کر لیے تھے۔ آپریشنز و انویسٹی گیشن ونگز کی مشترکہ ٹیم نے انٹیلی بیسڈ آپریشن کے ذریعے ملزمان کا سراغ لگایا۔