اسلام آ باد: چین اور پاکستان کے درمیان میڈیا اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہو گیا، اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے مضبوط تعلقات کو مضبوط تر بنانا ہے، دونوں مل کر موسم گرما کے دوران “چین پاکستان کلچرل کوریڈور کاروان کلاس” کا اہتمام کریں گے۔
گوادر پرو کے مطابق چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے سنگھوا یونیورسٹی کے اسکول آف جرنلزم کا اہم دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان کلچر اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز کے نئے دفتر کا افتتاح کرتے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے مضبوط تعلقات کو مضبوط تر بنانا ہے۔
گوادر پرو کے مطابق پاکستانی طلبا کے لئے تعلیم کے مرکز کے طور پر یونیورسٹی کے کردار اور پاکستان میں اداروں کے ساتھ ثقافتی اور تحقیقی شراکت داری میں اس کی فعال شرکت کو خاص طور پر سراہا گیا، سفیر خلیل ہاشمی کے دورے نے نہ صرف تعلیمی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز کیا بلکہ چین اور پاکستان کے درمیان پائیدار تعلقات کو بھی مضبوط کیا، جس سے مستقبل میں ثقافتی تبادلوں اور علمی کاوشوں کی راہ ہموار ہوئی۔