پشاور ہائیکورٹ: ایف آئی اے کو شاندانہ گلزار کیخلاف کارروائی نہ کرنے کا حکم

330

پشاور: عدالت عالیہ نے ایف آئی اے کو پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں دورانِ سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ شاندانہ گلزار کو ایف آئی اے لاہور کی جانب سے نوٹس دیا گیا ہے اور اس معاملے کی انکوائری بھی لاہور ہی میں جاری ہے، جس کی وجہ سے درخواست کا اختیار اس عدالت کے پاس نہیں ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے کی جانب سے دیے گئے نوٹس میں کئی چیزیں شامل نہیں جن کاقانونی طور پر نوٹس میں اندراج ضروری ہے۔ درخواست گزار کو علم ہی نہیں کہ اس پر کیا الزام یا دفعات لگائی گئی ہیں۔

دوران سماعت جسٹس سید ارشد علی نے وکیل سے پوچھا کہ اگر لاہور میں انکوائری شروع ہوئی ہے اور نوٹس وہاں سے جاری ہوا ہے تو درخواست یہاں کیوں دائر کی گئی، جس پر وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ایف آئی اے کا دائرہ اختیار ملک بھر میں ہے، لہٰذا اس نوٹس کے خلاف کیس کی سماعت پورے ملک میں ہو سکتی ہے جب کہ درخواست گزار پشاور ہی کی رہائشی ہے جس کی وجہ سے وہ یہاں درخواست دائر کرنے کی اہل ہے۔

بعد ازاں پشاور ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو رکن قومی اسمبلی اور رہنما پی ٹی آئی شاندانہ گلزار کے خلاف کارروائی سے روک دیا اور سماعت 25 مارچ تک ملتوی کردی۔