کراچی: پی ایس ایل میں پشاور زلمی ایونٹ سے باہر جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ فائنل میں پہنچ گئی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے دوسرے ایلیمینیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو شکست دے کر میگا ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پشاور زلمی نے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 185 رنز اسکور کیے اور اس کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ اننگز کا آغاز صائم ایوب اور بابراعظم نے کیا، جس کے بعد میچ کے 8 وں اوور میں بابراعظم 72 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 25 رنز بنائے۔
بعد ازاں صائم ایوب 73 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ محمد حارث نے 40 رنز بنائے۔ ٹام کوہلر 18 اور روومان روپیل 2 رنز بناسکے۔ عامر جمال 17، حسین طلعت 8 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے نسیم شاہ نے 3، شاداب خان اور عبید میکوئے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔