پی ایس ایل: یونائیٹڈ نے پہلے ایلیمینیٹر میں گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی، کوئٹہ ایونٹ سے آؤٹ

407

کراچی: پی ایس ایل کے پہلے ایلیمینیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر ایونٹ سے آؤٹ کردیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے پہلے ایلیمینیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 39 رنز سے ہرا دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 174 رنز بنائے تھے اور ا س کے 20 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ بعد ازاں 175 رنز کے ٹارگٹ کا پیچھا کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیٹیم 19 ویں اوور میں 135 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے عمیر بن یوسف نے سب سے زیادہ 50 رنز اسکور کیے۔ اس کے علاوہ عقیل حسین نے 31، محمد عامر نے 23، محمد وسیم جونیئر نے 6، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائلی روسو، خواجہ نافع اور ابرار احمد صرف 5، 5 رنز ہی بنا سکے جب کہ جیسن رائے ایک اور سعود شکیل اور لوری ایونز صفر پر میدان سے باہر گئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے بالر عماد وسیم نے 3، نسیم شاہ نے 2 اور فہیم اشرف، عبید مک کوائے اور حنین شاہ نے ایک ایک وکٹ لے کر کوئٹہ کے کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

فاتح ٹیم کے مارٹن گپٹل نے سب سے زیادہ 56 رنز اسکور کیے، اس کے علاوہ آغا سلمان نے 31، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان اور ایلکس ہیلز دونوں نے 23، 23 رنز بنائے۔ اعظم خان 18، عماد وسیم 4، فہیم اشرف اور حیدر علی ایک ایک رنز ہی بنا سکے جب کہ حنین شاہ صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ ان کے علاوہ نسیم شاہ 8 رنز اور عبید مک کوائے بغیر کوئی رن بنائے میدان سے باہر گئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بالر عقیل حسین اور محمد عامر نے 2، 2 جب کہ سعود شکیل، ابرار احمد اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ایک کھلاڑی کو میدان سے باہر بھیجا۔

واضح رہے کہ ایونٹ کے دوسرے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ پشاور زلمی کے ساتھ کل ہفتے کے روز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔